سری نگر (جیوڈیسک) شمالی کشمیر میں بھارتی فورسز نے دو شہریوں کو شہید کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے اتوار کو سیدہ پورہ علاقے میں تلاشی کارروائی شروع کی۔
اس دوران فوجی اہلکاروں نے گل محمد نامی ایک شہری کے مکان پر فائرنگ کی، بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو افراد شہید ہو گئے۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے جانے والے عسکریت پسند ہیں۔ مقبوضہ جموںوکشمیر اسمبلی کی معیاد آج پیر کو ختم ہو گی۔ نئی حکومت سازی پر ڈیڈلاک برقرار۔ معیاد ختم ہونے سے پہلے حکومت سازی کے سلسلے میں اقدامات نہ ہوئے تو تین ماہ میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے۔
دوسری جانب کشمیر بار ایسوسی ایشن کے ایک غیر معمولی اجلاس میں ریاست میں ہندو شرناتھیوں کو مستقل طور پر بسانے کے بھارت کے ارادوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کی وجہ سے ایسے اقدام کا اختیار نہ تو بھارتی پارلیمنٹ کو ہے اور نہ ہی کسی مرکزی حکومتی ادارے کو۔ بار کا کہنا تھا کہ یہ حق صرف ریاستی قانون ساز ادارے کو ہے کہ ان پناہ گزینوں کی شہریت کے متعلق کوئی فیصلہ کر سکے۔
بزرگ رہنما علی گیلانی نے کہا کہ امریکی صدر اوباما کی بھارت آمد کے موقع پر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ممکنہ حملوں کا شوشہ پھیلایا جارہا ہے اور بھارتی وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیانات سے ظاہر ہورہا ہے کہ کوئی بڑی واردات انجام دیئے جانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔