سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں اُڑی کے قریب فوجی ہیڈکوارٹرز پر مسلح افرادنے حملہ کیا ، شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ، حملے میں نو بھارتی فوجی ہلاک اور اٹھارہ زخمی ہوئے ۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ نے روس اور امریکا کا دورہ منسوخ کر دیا۔
مقبوضہ کشمیر میں اُڑی سیکٹر میں واقع بھارتی فوج کے بارہ بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز پر حملہ مسلح افراد نے حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے کیا ۔ حملے کے بعد علاقہ فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں اور فوجیوں میں شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
فوجی ہیڈ کواٹرز کے اندر سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے ، کئی بارکوں میں بھی آگ لگ گئی ، حملے میں اٹھارہ بھارتی فوجی زخمی ہوئے جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 4 تھی جن پر قابو پانے کیلئے مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔
ہیلی کاپٹر کی مدد سے بھی علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ نے روس اور امریکا کا دورہ منسوخ کرکے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔