مقبوضہ جموں کشمیر (جیوڈیسک) قابض بھارتی فوجیوں کے کیمپ پر مقبوضہ جموں کشمیر میں مزاحمت کاروں کے حملے کے نتیجے میں اعلی فوجی افسر سمیت 7 فوجی اور 3 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے علاقے اوڑی میں مزاحمت کاروں نے اچانک فوجی کیمپ پر حملہ کردیا جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 7 فوجی اور 3 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 3 مزاحمت کار بھی مارے گئے۔
فوجی حکام نے مزاحمت کاروں کے تازہ حملے میں اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمت کار آرمی کیمپ کے باہر کھڑے 4 اہلکاروں کو ہلاک کرتے ہوئے کیمپ میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی جب کہ فائرنگ سے لیفٹیننٹ کرنل سنکپ کمار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ فوجی ترجمان این جوشی کا کہنا ہے کہ ایک مزاحمت کی اطلاع پر ضلع بارہ مولہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے جب کہ فوجی کیمپ پر حملہ کرنے والے 3 مزاحمت کاروں کو جوابی کارروائی میں مارا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں 25 نومبر سے شروع ہونے والے نام نہاد انتخابات کے لئے بھارت کی جانب سے وادی میں ہزاروں فوجی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جب کہ 27 نومبر کو بھی قابض بھارتی فوج کے کیمپ پر ایک حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔