سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران شوپیاں، کپواڑہ اور پونچھ کے اضلاع میں 3 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
اطلاعات کے مطابق فوجیوں نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران فاروق احمد شیخ کو شوپیاں کے علاقے پاہلی پورین میں شہید کیا۔ بھارتی پولیس کے ایک افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید نوجوان کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔ بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ کے علاقے چوکی بل میں پرتشدد فوجی کارروئی کے دوران ایک اور نوجوان کو شہیدکردیا۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع پونچھ میں سبجیاں کے علاقے چھاپڑیاں میں ایک اور نوجوان بشیر احمد بٹ کو شہید جب کہ مرسلین رشید اور عادل احمد بٹ کو گرفتار کرلیا۔
نامعلوم مسلح افراد نے کولگام کے علاقے کیموہ میں ایک 36 سالہ شہری منظور احمد پالہ کو قتل کردیا جب کہ بانڈی پورہ میں وولر جھیل سے ایک 30سالہ شہری کی لاش ملی۔ شوپیاں کے علاقے نازنین پورہ میں گزشتہ روز ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شہید نوجوان فاروق احمد شیخ کے جنازے میں شرکت کی، لوگوں نے اس موقع پر پاکستانی پرچم لہرائے اور پاکستان اور آزادی کے حق میں زبردست نعرے بلند کیے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما یاسمین راجا نے علاقے میں بھارت مخالف ریلی کی قیادت کی۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیرمیں خواتین کی بے حرمتیوں کو بھارتی فوج ایک جنگی ہتھیار کے طورپراستعمال کرر ہی ہے، اقوام متحدہ نوٹس لے۔ سینئر صحافی اور جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف آسام کے صدر ڈی این چکر وتی نے گوہاٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کو وادی کشمیر سے دستبردار ہو کر کشمیری مسلمانوں کو اپنے قسمت کا فیصلہ خود کرنے کا موقع دینا چاہیے۔