مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان شہید

Indian Troops Firing

Indian Troops Firing

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں گونجنے والے جیوے جیوے پاکستان کے نعروں نے مودی سرکار کو تڑپا کر رکھ دیا ہے۔

ضلع Budgam میں حریت رہنماؤں کی گرفتاری اور ترال میں دو نوجوانوں کے قتل کے خلاف مظاہرہ کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی فوج نے فائرنگ کر دی جس سے ایک شہری شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والے حریت رہنما مسرت عالم بھٹ کو بھارتی عدالت نے سات دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو ان کے گھروں میں نظر بند کیا گیا ہے۔

سید علی گیلانی نے پریس کلب مظفر آباد میں ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے۔ بھارت کشمیریوں کی خود ارادیت کے ذریعے محبت کے پیغام کو اپنی ہٹ دھرمی سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارتی پولیس نے بھوک ہڑتال کرنے والے حریت رہنما یاسین ملک کو گرفتار کر لیا ہے۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعل ملک کا کہنا تھا بھارت جتنا ظلم کرے گا کشمیریوں کا جذبہ اتنا ہی پروان چڑھے گا۔ مشعل ملک کا کہنا تھا بھارت پاکستانی جھنڈے اور ایک بھوک ہڑتال سے ڈر گیا ہے۔

ترال میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو نوجوانوں کی شہادت اور حریت رہنما مسرت عالم بھٹ کی گرفتاری کے خلاف وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ وادی کے بیشیرعلاقوں میں مارکیٹیں بند اور سڑکیں ویران رہیں۔ گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔