سرینگر (جیوڈیسک) بھارتی آرمی چیف جنرل بکرام سنگھ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کارگل جیسی کوئی صورتحال نہیں ہے۔ کرن سیکٹر میں داخل ہونے والے دراندازوں کا جلد خاتمہ کر دیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنرل بکرام سنگھ نے ان افواہوں کو مسترد کر دیا ہے کہ لائن آف کنٹرول میں کرن سیکٹر کے ایک گاں پر مجاہدین نے قبضہ کر لیا ہے اور یہ کارگل طرز کی کارروائی ہے۔
بکرام سنگھ نے کہا کہ کرن سیکٹر کے ایک گاں میں داخل ہونے والے دراندازوں کیخلاف آپریشن کامیابی کیساتھ جاری ہے اور بہت جلد تمام شدت پسندوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق کرن سیکٹر میں تلاشی آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے بھارتی افواج کی فائرنگ سے دو بے گناہ کشمیری شہید ہوگئے۔ بھارتی سکیورٹی اہلکار جمعہ کے روز کرن سیکٹر کے علاقے گوجر در گاں میں داخل ہوگئے اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کر دیا۔
اہلکار چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے لوگوں کے گھروں میں گھس گئے اور مجاہدین کی تلاشی کے بہانے مقامی نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔ فوجی حکام نے روایتی پراپیگنڈے کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ مارے جانے والے در انداز تھے جو کہ دہشت گردی کی غرض سے سرحد عبور کرکے آئے تھے۔