مقبوضہ کشمیر (جیوڈیسک) قابض بھارتی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 3 بے گناہ کشمیریوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کر دیا ہے۔ حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یٰسین ملک سمیت متحدہ حریت قیادت نے بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کیخلاف کل جمعرات کے روز لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف یوم سوگ کا اعلان کردیا ہے۔
حریت رہنمائوں کا کہنا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ وادی میں یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان نوجوانوں کو گاندربل اور راجوڑی کے علاقوں میں محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیاہے۔
مقبوضہ کشمیر میں پولیس سپرنٹنڈنٹ امتیاز اسماعیل کا دعویٰ ہے کہ اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے سری نگر سے 25 کلو میٹر دور ہادورہ کے علاقے میں ایک گاوں میں 2 مبینہ علیحدگی پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک گھر کا محاصرہ کیا اس دوران اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 افراد مارے گئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں غیر ملکی تھے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دوسری کارروائی سندا بانی سیکٹر میں کی گئی جس میں سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا ۔بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ سے ایک درانداز مارا گیا۔
دوسری جانب بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر متحدہ حریت قیادت کی ہدایت پر لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں موجود کشمیری جمعرات کو یوم سوگ منائیں گے اور احتجاجی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔