مقبوضہ کشمیر: مفتی سعید مخلوط حکومت کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے کل حلف اٹھائیں گے

 Mufti Sayeed

Mufti Sayeed

لندن (جیوڈیسک) جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان حکومت سازی پر اتفاقِ رائے کے بعد پی ڈی پی کے سربراہ مفتی محمد سعید جموں و کشمیر کی نئی مخلوط حکومت کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے کل حلف اٹھائیں گے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ریاستی حکومت میں ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی بھی شامل ہوگی۔ مفتی سعید نے جمعہ کی صبح دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا کہ وونوں جماعتوں کے درمیان حکومت سازی پر موجود اختلافات ختم ہوگئے ہیں۔

دو مہینے کے انتظار کے بعد اب ریاست میں حکومت بنانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ وہ پورے چھ سال کی مدت کے لیے وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالیں گے اور حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم مودی بھی شرکت کریں گے۔ مفتی سعید نے کہا کہ ’وادی کشمیر میں ہمیں ووٹ ملے تھے اور جموں میں بی جے پی کو۔

لہٰذا دونوں کو مل کر حکومت بنانی چاہیے۔‘ دونوں جماعتیں اپنے اتحاد کا اعلان پہلے ہی کر چکی تھیں لیکن بظاہر اس تحریری دستاویز کے متن پر اختلافات تھے جس کی بنیاد پر یہ حکومت کام کرے گی۔