سری نگر (جیوڈیسک) قابض بھارتی فوج کے کیمپ پر حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 مزاحمت کار بھی جاں بحق ہو گئے۔
فوجی وردی میں ملبوس 5 مزاحمت کاروں نے مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقے آرنیا میں فوجی کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تاہم ہلاک ہونے والے 3 دیگر افراد کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
قابض بھارتی فوج نے تصدیق کی ہے کہ کیمپ میں فوجی معمول کے مطابق بیٹھے تھے کہ مزاحمت کاروں نے اچانک حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 مزاحمت کار بھی جاں بحق ہوگئے،ایک کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ فرار ہونے والے ایک مزاحمت کار کی تلاش کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
قابض بھارتی فوجی حکام کے مطابق مزاحمت کاروں نے 2 مختلف مقامات سے کیمپ کو نشانہ بنایا اور 3 افراد پر مشتمل ایک گروپ نے آرمی بنکر جب کہ دوسرے گروپ نے قریبی گھر سے مدد لیتے ہوئے منصوبہ بندی کے تحت اچانک حملہ کیا۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ مزاحمت کار فوجی وردی پہننے کے باعث شناخت نہ ہوسکے اس لئے اپنی کارروائی میں کامیاب رہے۔