اسلام آباد (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں جابر بھارتی فوج کے نہتے مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعظم کو بدترین صورت حال پر شدید تشویش لاحق ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جمعہ کو گورنر ہاؤس لاہور میں طلب کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف اجلاس میں مقبوضہ کشمیرمیں مودی سرکار کی حالیہ بربریت پر اب تک کئے گئے حکومتی اقدامات پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے اور اجلاس میں سامنے آنے والی تجاویز کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیر اعظم کی ہدایت پر ہی بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی سمیت تیس کشمیریوں کے بہیمانہ قتل پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے سفیروں کو بھی بھارتی افواج کے مظالم پر تفصیلی بریفنگ دی جا چکی ہے۔