اسلام آباد (جیوڈیسک) مقبوضہ وادی میں بھارت کی بربریت پر پاکستان کا شدید ردعمل، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے، سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت تحریک آزادی کو بدنام کرنے کیلئے داعش کا شوشہ چھوڑ رہا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی پر پاکستان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج کی دہشتگردی سے آزادی کی جد و جہد کو دبایا نہیں جا سکتا، بھارتی مظالم پر پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔
نفیس زکریا نے بھارتی مظالم کو عالمی قوتوں کیلئے چیلنج قرار دیا اور کہا کہ عالمی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی نہتے کشمیریوں کی نسل کشی پر بھارت پر برس پڑے، کہتے ہیں بھارت تحریک آزادی کو بدنام کرنے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں داعش کی موجودگی کا شوشہ چھوڑ رہا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کا معاملہ ایوان میں اٹھانے کا اعلان کر دیا۔