مقبوضہ کشمیر یٰسین ملک کا کشمیر چھوڑ دو تحریک شروع کرنے کا اعلان

Yasin Malik

Yasin Malik

سرینگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین اور حریت رہنما یٰسین ملک نے ’’کشمیر چھوڑ دو ‘‘ تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے۔

کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق دفعہ 370 کی منسوخی کے معاملے کو اٹھانے کا واحد مقصد کشمیریوں کو ایک نئی بحث میں الجھانا ہے۔ حریت رہنما نے سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت میں بی جے پی کی حکومت کااصلی چہرہ سامنے آنا شروع ہو گیا ہے۔

بھارتی حکومت یا پارلیمنٹ کودفعہ 370 ختم کرنے کا اختیار نہیں، یہ اختیار صرف نام نہاد ریاستی اسمبلی کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ تحریک آزادی کو مضبوط بنانے کیلئے دوبارہ سے’’ کشمیر چھوڑ دو‘‘ تحریک شروع کرے گی۔ بھارت نواز جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے دفعہ 370 کی منسوخی کی مخالفت محض ایک ڈرامہ بازی ہے۔

جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان جماعتوں نے کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو ہمیشہ مضبوط کیا ہے ، اب یہ دفعہ محض کاغذات تک ہی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کا جذبہ آزادی غیر متزلزل ہے اور وہ تحریک آزادی کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

جموں و کشمیر محاذ آزادی کے سربراہ محمد اعظم انقلابی نے یٰسین ملک کی جانب سے’’ کشمیر چھوڑ دو ‘‘ تحریک شروع کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی حمایت کی ہے۔ دریں اثنا ضلع کپواڑہ میں بھارتی فورسز نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا، فورسز کا دعویٰ ہے۔

کہ نوجوان مجاہد تھا۔ واضح رہے کہ بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں گزشتہ ماہ ایک بچے سمیت 10 کشمیروں کو شہید کر دیا تھا۔ دوسری جانب جموں کے ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے چار افراد جل کر ہلاک ہو گئے جبکہ بارہ بری طرح جھلس گئے۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔