خیرپور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنماو صوبائی وزیر منظور حسین وسان کا کہنا ہے کہ 18 اکتوبر کا جلسہ مخالفین کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، متحدہ قومی موومنٹ کا مزید صوبوں کا مطالبہ غلط ہے، نئے صوبے بنانے کا مطالبہ ایک بین الاقوامی سازش ہے جس کو ہم ناکام بنائیں گے، پی پی کے کارکنان تیاری کرلیں 2015 میں بلدیاتی اور 2016 میں عام انتخابات ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وسان ہاؤس خیرپور میں اور بعد ازاں سکھر میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی کے نامعلوم افراد نے پیپلز پارٹی کے 180 کارکنوں کو شہید کیا
کراچی میں ایم کیو ایم ،اے این پی اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں کی بھی ٹارگٹ کلنگ کی گئی، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے نئے صوبے کا مطالبہ سراسر غلط ہے، کراچی میں صرف اردو بولنے والے نہیں رہتے ہیں، وہاں پر سندھی، پنجابی اور پٹھان بھی رہائش پزیر ہیں، میں ذاتی طور پر صوبوں کے حق میں نہیں، ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے، جسے کسی صورت مٹنے نہیں دیں گے، پاکستان میں مزید صوبے بنانے کا مطالبہ ایک بین الاقوامی سازش ہے، اگر ایم کیو ایم سندھ حکومت سے علیحدگی اختیار کرتی ہے تو یہ کوئی نئی بات نہیں، انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ الیکشن کے لئے تیار ہوجائیں، 2015 میں بلدیاتی اور 2016 میں عام انتخابات ہونگے اور پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری بھٹو خاندان کا چراغ ہیں جو اپنے ملک کو روشن کرنے نکلے ہیں 18 اکتوبر کا جلسہ مخالفین کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
دریں اثناء پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سید اویس مظفر نے کہا ہے کہ کنٹینرز پر سیاست کرنیوالوں کو نازیبا الفاظ استعمال کرنا زیب نہیں دیتا، بادشاہی مسجد میں عید کی نماز کے بعد انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے
انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں تاریخ ساز جلسہ ہوگا، جس میں 70 لاکھ افراد شرکت کریں گے، کراچی میں ہمیں کسی سیاسی لیڈر کے ویلکم کی ضرورت نہیں یہ پی پی پی کا جلسہ ہے، جس میں لوگ دوڑے چلےآتے ہیں، ابھی سے لوگوں کو شدت سے انتظار ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے بڑے بڑے تاجروں کو ٹھٹھہ اور سجاول لارہے ہیں تاکہ وہ یہاں کاروبار شروع کریں، ہم ٹھٹھہ اور سجاول میں صنعتی ادارے قائم کریں گے اور ترقی کا جال بچھائیں گے، ٹھٹھہ اور سجاول کے ڈپٹی کمشنرز کو کہا ہے کہ انڈسٹریل زون کیلئے زمین کا بندوبست کیا جائے اور جلد سے جلد سروے مکمل کرکے بتایا جائے تاکہ انڈسٹریل زون قائم کیا جاسکے۔