ابوظہبی (جیوڈیسک) ٹرینٹ بولٹ کی تین گیندوں نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا،پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف لگاتار بارہویں ناکامی، کیویز نے ابو ظہبی ون ڈے 47 رنز سے جیت کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے 267 رنز کے ہدف میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے جوڑی کوئی کمال نہ کرسکی اور گرین شرٹ کی پہلی وکٹ فخر زمان کی گری جو ایک رنز بناکر ٹرینٹ بولڈ کا شکار بنے۔
ٹرینٹ بولڈ کی اگلی ہی گیند پر بابر اعظم سلپ پر روس ٹیلر کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد نئے آنے والے محمد حفیظ بھی پہلی ہی بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور ٹرینٹ بولڈ نے کیرئیر کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔
شعیب ملک اور امام الحق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا تاہم 71 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 34 رنز بناکر فیروگسن کا شکار بنے۔ مجموعی اسکور میں 2 رنز کے اضافے کے بعد شعیب ملک بھی 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جنہیں گرینڈ ہوم نے آؤٹ کیا جب کہ پاکستان کی چھٹی وکٹ 85 رنز پر گری اور شاداب خان 7 رنز بناکر سودھی کا شکار بنے۔
85 رنز پر 6 بیٹسمین آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد نے آل راؤنڈر عماد وسیم کے ساتھ 103 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ڈوبتی کشتی کو ساحل پر لانے کی کوشش کی تاہم وہ نیہ پار لگانے میں ناکام رہے اور 64 رنز پر بولڈ ہوگئے۔
عماد وسیم 50، شاداب خان 7، حسن علی 16،شاہین شاہ آفریدی صفر جب کہ جنید خان ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ اور فرگوسن نے 3،3 جب کہ گرینڈ ہومے نے 2، ساؤتھی اور سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کولن منرو اور جارج وارکر نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے 13 رنز جوڑے تو جارج وارکر ایک رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 36 جب کہ تیسری وکٹ 78 رنز کے مجموعے پر گری۔ کیویز وکٹ کیپر ٹام لیتھم اور راس ٹیلر نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے اور اسکور 208 رنز تک پہنچا دیا۔ ٹام لیتھم 41 ویں اوور کی دوسری گیند پر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔اسی اوور میں شاداب نے نئے آنے والے ہنری نیکولز اور کولن ڈی گرینڈھوم کو آوٹ کردیا۔
نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 210 رنز پر اس وقت گری جب راس ٹیلر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ مہمان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 252 اور نویں 254 رنز پر گری لیکن آخری وکٹ آخری 7 گیندوں پر 12 رنز کا اضافہ کیا اور مجموعے کو 266 تک پہنچا دیا۔