ون ڈے رینکنگ جاری، ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی بلے باز شامل نہیں

ICC

ICC

دبئی (جیوڈیسک) آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی گئی۔ پاکستان کو سیریز میں کلین سویپ کرنیوالی آسٹریلوی ٹیم نے پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

ٹاپ ٹین بلے بازوں میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں۔ دبئی سے جاری ہونیوالی ایک روزہ کرکٹ کی رینکنگ میں آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان کو بدترین شکست دینے کا انعام ملا، کینگروز نے اس درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔

مسلسل شکستوں کے زخم کھائے پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے، بھارت دوسری جبکہ جنوبی افریقہ تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بدقسمتی سے بیٹنگ درجہ بندی میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکا ہے۔

قومی ٹیم کپتان مصباح الحق بیٹنگ میں 13 ویں پوزیشن پر ہیں جبکہ نوجوان بیٹسمین احمد شہزاد 17 ویں اور محمد حفیظ 19 ویں نمبر پر ہیں۔ بولنگ رینکنگ میں سعید اجمل کی ٹاپ پوزیشن برقرار ہے، ٹی 20 ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کی بولنگ میں تو 7 ویں پوزیشن ہے لیکن آل راؤنڈر کیٹیگری میں وہ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔