ون ڈے رینکنگ ؛ ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان کی پہنچ سے دور نکلنے لگی

ODI

ODI

دبئی (جیوڈیسک) ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈین ٹیم پاکستانی پہنچ سے دور نکلنے لگی، آٹھویں پوزیشن کی کیریبیئن ٹیم نے نویں نمبر پر موجود گرین شرٹس سے 7 پوائنٹس تک فاصلہ بڑھالیا۔ ٹرائنگولر سیریز میں میزبان سائیڈ کی پرفارمنس کافی بہتر رہی ، اس نے فائنل کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل کیا جس کی بدولت6 قیمتی پوائنٹس حاصل ہوئے، اس طرح مجموعی پوائنٹس اب 94 ہوچکے جبکہ پاکستان کے 87 ہیں۔

گرین شرٹس کو آنے والے دنوں میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا جیسی مشکل ترین ٹیموں کے ساتھ سیریز کھیلنی ہیں، اس کے خراب نتائج انھیں ورلڈ کپ 2019 کا کوالیفائنگ ایونٹ کھیلنے پر مجبور کرسکتے ہیں۔ بنگلہ دیش98 پوائنٹس کے ساتھ بدستور ساتویں پوزیشن سے محظوظ ہورہا ہے۔ ٹرائنگولر سیریز کا فائنل جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم نے اپنی نمبر ون پوزیشن تو برقرارر کھی مگر ایک پوائنٹ کی کٹوتی پھر بھی برداشت کرنا پڑی، سب سے زیادہ نقصان جنوبی افریقہ کو ہوا جو تین میچ ہارنے اور ایک ڈرا مقابلے کی وجہ سے 2 پوائنٹس سے محروم ہوگیا، اگرچہ اس کے پوائنٹس بھارت جتنے 110 ہی ہیں مگر اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے وہ تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلا گیا، نیوزی لینڈ دوسری پوزیشن پر فائز ہے۔

انگلینڈ نے اب تک کھیلے گئے تین میچز میں سے ایک میں کامیابی کی بدولت سری لنکا کی پانچویں پوزیشن چھین لی،آئی لینڈرز کو چھٹے نمبر پر جانا پڑا۔ ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، بولرز میں محمد عرفان کو ایک درجہ خسارے نے دسویں نمبر پر پہنچا دیا، غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے بولنگ پابندی کا شکار ہونے کے باوجود حفیظ ایک درجہ ترقی پاکر 18 ویں نمبر پر چلے گئے جبکہ آل رائونڈرز میں ان کی تیسری پوزیشن محفوظ ہے۔