ون ڈے سیریز میں بھارت شکست کا داغ مٹانے کا خواہاں

India

India

برسٹول (جیوڈیسک) انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز پیر سے شروع ہو رہی ہے، دھونی الیون ماتھے سے ٹیسٹ شکست کا داغ مٹانے کی خواہاں ہے۔

نئے فارمیٹ میں میزبان سائیڈ سے بدلہ لینے کی کوشش کی جائے گی، تازہ دم کھلاڑیوں کی آمد سے اسکواڈ کے حوصلے بہتر ہوچکے، دوسری جانب انگلش ٹیم بھی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے بے چین ہے، الیکس ہالز کا ڈیبیو متوقع ہے، بارش کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا، برسٹول میں فلڈ لائٹس نہ ہونے سے بھی پریشانی ہو سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز میں 1-3 سے شکست کے بعد بھارت اب انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کا آغاز نئے حوصلے سے کررہا ہے، پانچ روزہ میچز میں بیٹسمینوں نے خاص طور پر بھارتی ٹیم کو مایوس کیا۔

اس بار انھیں اپنی بیٹنگ لائن سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی امیدیں ہیں۔ سریش رائنا پانچویں نمبر پر بیٹنگ کریں گے جبکہ امیش یادیو بھی میدان میں اتریں گے۔

دوسری جانب انگلینڈ فتح کا سلسلہ برقرار رکھنے کا خواہاں ہے، ڈومیسٹک سرکٹ میں بہترین پرفارمنس پیش کرنے والے الیکس ہالز کو ون ڈے ڈیبیو کا موقع فراہم کیا جائے گا، وہ الیسٹر کک کے اوپننگ پارٹنر ہوں گے۔

ای ین بیل تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے، آل رائونڈر کے لیے معین علی کا آپشن موجود ہے لیکن ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے انگلش مینجمنٹ فاسٹ بولرز کو اہمیت دے رہی ہے، اس لیے آل رائونڈر کی جگہ کرس ووئکس کو مل سکتی ہے۔