کراچی (جیوڈیسک) آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کیے جانے پر سینئر بیٹسمین یونس خان غصے سے پھٹ پڑے، ان کا کہنا ہے کہ مجھے سے کہیں زیادہ سست کھیلنے والے ٹیم میں موجود ہیں، صرف ایک میچ کی کارکردگی پر باہر کر دینا کہاں کا انصاف ہے، ابھی کافی کرکٹ باقی ہے۔
چار پانچ ماہ میں بوڑھا نہیں ہوجاؤں گا، مضبوط اعصاب کا مالک ہوں کبھی ہار نہیں مانی، دوبارہ ایک روزہ ٹیم میں واپس آؤں گا۔ یونس کو آسٹریلیا کیخلاف نہ صرف ون ڈے سیریز سے باہر کیا گیا ہے بلکہ وہ ورلڈ کپ پلان کا بھی حصہ نہیں رہے، انھوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کی منتخب ٹیم میں اپنا نام نہ دیکھ کرمجھے سخت حیرانی ہوئی، مجھ پر سست بیٹنگ کرنے کی بات درست نہیں، قومی ٹیم میں ایسے کھلاڑی بھی موجود ہیں جو مجھ سے بھی زیادہ سست کھیلتے ہیں۔
اگلے 4،5 ماہ میں میں بوڑھا نہیں ہو جاؤں گا، انھوں نے کہا کہ ایک میچ کے بعد مجھے ٹیم سے باہر کردینا سمجھ سے بالاتر ہے تاہم مضبوط اعصاب کا حامل کرکٹر ہونے کے ناطے میں جدوجہد پر یقین رکھتااور ایک فائٹر کی حیثیت سے اپنی کارکردگی کی بدولت دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ بناؤں گا، میں عدم شمولیت پر دل گرفتہ نہیں۔ یونس نے ریٹائرمنٹ کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی بہت کرکٹ باقی ہے جلد ہی دوبارہ ایکشن میں نظر آؤں گا۔
انھوں نے کہا کہ میری فٹنس سب کے سامنے ہے، اب تو اس حوالے سے رپورٹس بھی سامنے آچکی ہیں، ہمیں پرفارم کرنے کیلیے وقت نہیں دیا جاتا، مجھے کارکردگی کی بنا پر ٹیم میں شامل کیا گیا پھر فوراً ہی باہر کردیا گیا۔ یونس خان نے سوال کیا کہ کیا آسٹریلیا کیخلاف پرفارم نہ کرنے والے نئے لڑکوں کوبھی ٹیم سے باہر کیا جائیگا؟