فیصل آباد (پ ر) صدر موبائل ایسوسی ایشن کچہری بازار چوہدری خالد جٹ نے کہا ہے کہ کچہری بازار میں ٹریفک کے مسائل گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں۔ کچہری بازار میں پارکنگ کمپنی بھی ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
بازار میں خریداری کرنے کے لئے آنے والے گاہکوں کو پارکنگ کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے لہذا پارکنگ میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنی بائیک سڑک کے اطراف کردیتے ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹریفک پولیس کے اہلکار ٹرک میں موٹر سائیکل لوڈ کر کے لے جاتے ہیں اور گاہک کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اپنی جگہ پر بائیک کھڑی نہ دیکھ کر کئی افراد ذہنی طور پر شدید پریشانی کا شکار ہوتے ہیں۔ چوہدری خالد جٹ نے سی ٹی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ کچہری بازار میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے بہترین حکمت عملی مرتب کی جائے اور گاہکوں کی ٹرک کی مدد سے بائیک اٹھانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹی لگائی جائے کہ وہ اپنے موبائل پر گیمز اور فیس بک استعمال کرنے کی بجائے تندہی سے ڈیوٹی انجام دیں اور کچہری بازار میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔