اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر طاہر مشہدی کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوا میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے کسی سیاسی جماعت کے دفتر پر چھاپہ نہ مارنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ سیاسی اور عوام دشمن رینجرز نے ایم کیو ایم کے ایم این اے آصف حسنین کے دفتر میں چھاپہ مارا اور توڑ پھوڑ کی۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ یہ بھی یقین دلایا گیا تھا کہ مجرموں کے خلاف آپریشن کو سیاسی نہیں بنایا جائے گا۔
رینجرز نے سیاسی جماعتوں کی طرح پریس کانفرنس کرکے اپنے سیاسی ہونے کی تصدیق کر دی۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ کاظم عباس رضوی کو بغیر کسی تفتیش کے قصو روار قرار دیا گیا۔ یہ کارروائی جناح پور جیسے جھوٹ اور سازش کو دہرانے کی کوشش کا حصہ ہے۔ رینجرز نے دفتر کی دیواروں پر ایم کیو ایم اور پارٹی قائد کے خلاف وال چاکنگ کی۔
تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر مزید بوجھ پڑے گا۔ ان تمام اہم معاملات پر ایوان کی معمول کی کارروائی روک کر فوری بحث کروائی جائے۔