تھر (جیوڈیسک) صحرائے تھر میں قحط سالی سے متاثرہ افراد میں حکومتی اعلان کے باوجود تاحال گندم اور امدادی سامان تقسیم نہ کیا جا سکا۔ تحصیل مٹھی کے گاؤں ماری ہاڑ میں ساٹھ سالہ بیمار بڑھیا اور اس کا ملنگ بیٹا تاحال امداد کے منتظر ہیں۔
صحرائے تھر ان دنوں غذائی قلت کی لپیٹ میں ہے ، حکومت سندھ نے متاثرہ افراد میں گندم اور امدادی سامان تقسیم کرنے کا اعلان تو کر دیا مگر پرسان حال کچھ نہیں۔
مٹھی شہر سے کچھ دس کلومیٹر کے فاصلے پر گاؤں ماری ہاڑ کی رہائشی ساٹھ سالہ بوڑھی تاجو مختلف بیماریوں کا شکار ہے۔ اپنے اکلوتے ملنگ بیٹے کے ساتھ فاقوں پر مجبور ہے۔ چھڑی کا سہارا لے کر چلنے والی لاچار اور بے بس تاجو کا ایک ہی بیٹا ہے جو ملنگ ہونے کے باعث کمانے سے بھی قاصر ہے۔ دونوں کی گزر بسر انتہائی مشکل سے ہوتی ہے۔
گاؤں والے جو دے دیں وہی کھا کر صبر شکر کرتے ہیں، بیمار تاجو اور ملنگ بیٹے کے چہروں پر چھائی اداسی اور بے بسی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ ان تک امدادی سامان پہنچایا جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں۔