کراچی (جیوڈیسک) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان کوئی تناؤ نہیں، سرکاری ادارے ہوں یا کوئی اور سب کو چیلنجز کے حل کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ایم کیو ایم کے دوستوں کو اعتماد میں لے کر چلے گی۔ متحدہ قومی موومنٹ جس طرح پیپلز پارٹی کے ساتھ تعاون کررہی ہے، پیپلز پارٹی بھی ایم کیو ایم کے ساتھ تعاون کرتی رہے گی۔
ایم کیوایم کی جانب سے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے الزام پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، اس صورت میں کراچی میں روز مرہ زندگی معطل نہیں کرنی چاہیئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کے بحران کی کئی وجوہات ہیں۔
جن میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اہلکاروں کی غیر قانونی ہائڈرینٹس سے ملی بھگت بھی شامل ہیں، غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے گزشتہ روز منگھوپیر جیسے علاقے میں کارروائی کی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان کوئی تناؤ نہیں، سرکاری ادارے ہوں یا کوئی اور سب کے ایک ساتھ چلنے کا وقت ہے، ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی بجلی کا پیداواری یونٹ لگے گا تو فائدہ قوم کا ہی ہوگا۔ وزیراعظم سے بجلی کے مسئلے پر بات کریں گے۔