سرکاری زرمبادلہ ذخائر 8 ماہ کے بعد 5 ارب ڈالر سے تجاوز

Dollars

Dollars

کراچی (جیوڈیسک) زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 72 کروڑ 4 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 9 ارب 86 کروڑ 42 لاکھ ڈالر کی سطح تک پہنچ گئے جبکہ 8 ماہ کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 5 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جمعرات کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 28 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر 74 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 5 ارب 17 کروڑ 16 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے، اس سے قبل جولائی 2013 میں سرکاری زرمبادلہ ذخائر کی مالیت 5 ارب ڈالر سے زائد یعنی 5 ارب 20 کروڑ 38 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک ہفتے میں کمرشل بینکوں کے ذخائر 2 کروڑ 48 لاکھ ڈالر کی کمی سے 4 ارب 69 کروڑ 26 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے، زیر تبصرہ ہفتے کے دوران ملٹی لٹرل اور بائی لٹرل ذرائع سے 61 کروڑ 11 لاکھ ڈالر کی آمد زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی وجہ بنی جس میں آئی ایم ایف سے ملنے والے 55 کروڑ 60 لاکھ ڈالر شامل ہیں، اس ہفتے مجموعی طور پر 21 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں بھی عمل میں لائی گئیں۔