غیر ملکی این جی او نے ملک کی تعلیم کو ترقی کی بجائے تنزلی کا راستہ دیا : سیکرٹری جنرل جمعیت

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل محمد زبیر حفیط نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان طلبہ مسائل سے نگاہیں چرا رہی ہے، تعلیم طلبہ کا بنیادی حق ہے اور حکومت اس فرض سے خلاصی حاصل کرنا چاہتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کنونشن میں سرگودھا یونیورسٹی اور کالجز کے سینکڑوں طلبہ اور طالبات شریک ہوئے، سیکرٹری جنرل جمعیت نے مزید کہا کہ غیر ملکی این جی او ز کی مداخلت سے نظریہ پاکستان کو بگاڑنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، این جی اوز نے تعلیم کو ترقی دینے کی بجائے تنزلی کا راستہ دیا ہے، غیر ملکی ماہرین نے صرف اسلامیات، مطالعہ پاکستان اور اردو کے نصاب میں تبدیلیاں کی ہیں جس کا صرف مقصد نظریہ پاکستان اور اسلام سے طلبہ کو گمراہ کرنا ہے، سائنس اور جدید علوم جن میں روزانہ نئی تحقیات ہو رہی ہیں ان میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے حالانکہ ان میں تبدیلی ضروری ہے آج بھی قوم کو غبارے ہی کی سائنس پڑھائی جا رہی ہے، زبیر حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت طلبہ کو ان کے حقوق دے اور معیار تعلیم بلند کرنے کے لئے ملکی ماہرین تعلیم کا سہارا لیا جائے۔