اوگرا کرپشن کیس: نیب کو آئندہ سماعت پر ہرصورت چالان پیش کرنے کا حکم

NAB

NAB

اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے نیب کو حکم دیا ہے کہ آئندہ تاریخ پر اوگرا کرپشن کیس میں ملزموں کے خلاف چالان پیش کیا جائے۔ جسٹس بشیر کہتے ہیں اب کوئی عذر نہیں سنیں گے۔

احتساب عدالت میں اوگرا کرپشن کیس کی سماعت جسٹس محمد بشیر نے کی۔ نیب کی جانب سے اوگرا کرپشن کیس میں ملزموں کے خلاف چالان پیش نہ کیا جا سکا۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر نیب چودھری ریاض اور نیب کے تفتیشی ٹیم اور سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر نیب نے عدالت موقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس نے دونوں ریفرنسز پر اعتراضات عائد کئے تھے جس کے باعث اوگرا کرپشن کیس کے دونوں ریفرنسز جمع نہیں ہو سکے۔ چودھری ریاض نے عدالت کو بتایا کہ اوگرا کرپشن کیس اور توقیر صادق تقرری ریفرنس اعتراضات دور کر کے آئندہ ہفتے جمع کرا دیں گے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کو ہر صورت چالان عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ جسٹس محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ مقدمے کے چالان کے لئے اب کوئی عذر نہیں سنا جائے گا جس کے بعد مقدمے کی سماعت چار فروری تک ملتوی کر دی گئی۔