اسلام آباد (جیوڈیسک) اوگرا نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بغیر گیس کمپنیوں کوایل پی جی ایئرمکس پلانٹس لگانے کی منظوری دینے سے انکار کر دیا۔
ایکسپریس کودستیاب دستاویز کے مطابق سوئی نادرن اور سوئی سدرن گیس کمپنی نے اوگرا سے ملک کے دوردراز اور پہاڑی علاقوں میں گیس کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایل پی جی ائیر مکس پلانٹس لگانے کی اجازت مانگی تھی۔
اوگرا کو دی جانیوالی درخواستوں میں 16 فروری 2016 کو مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے منظور کی جانیوالی ایل پی جی پالیسی کا بھی حوالہ دیا گیا۔
درخواستوں میں کہا گیا تھا کہ اوگرا دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی ائیر مکس پلانٹس لگانے اور گیس ٹیرف کی منظوری دے تاہم اوگرا نے دونوں گیس کمپنیوں کی درخواستوں پر اعتراض لگادیے ہیں اور کہا ہے کہ اس کے لیے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری ضروری ہے۔