اسلام آباد (جیوڈیسک) اوگرا نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے تک اضافے کی سفارش کر دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نگراں حکومت نے ایک ماہ کے دوران دوسری بار عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری شروع کر دی ہے، اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے اور اس حوالے سے وزارت خزانہ کو باضابطہ سمری ارسال کر دی گئی ہے جس میں پیٹرولیم مصنوعات میں 12 روپے تک اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کو ارسال کی گئی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 20 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 50 پیسے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 12 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وزارت خزانہ حتمی منظوری کل دیگی اور نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔