اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ فلسطین سمیت دنیا میں رونما ہونے والے واقعات سے مسلم دنیا میں بے چینی کی لہر ہے۔ او آئی سی مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا تنازعہ حل کرنے میں کردار کرے۔
صدر ممنون حسین سے آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن کے سیکرٹری جنرل عیاد امین عبداللہ مدنی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اسلامی دنیا کے اختلافات کے خاتمے کیلئے او آئی سی مناسب پلیٹ فارم ہے، اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے مسلم دنیا کی قوت محسوس نہیں کی جاتی۔
فلسطین سمیت دنیا میں رونما ہونے والے واقعات سے مسلم دنیا میں بے چینی کی لہر ہے، پاکستان غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔
فلسطینی عوام کی جدوجہد میں انکی غیر مشروط حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا تنازعہ حل کرنے میں کردار کرے، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہیں ۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کے اختلافات کے خاتمے کیلئے او آئی سی مناسب پلیٹ فارم ہے ۔ مسلم ممالک میں ہم آہنگی اور اتحاد کیلئے او آئی سی موثر کردار ادا کرے۔اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے مسلم دنیا کی قوت محسوس نہیں کی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان مسلم دنیا کی بہت مدد کر سکتا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں ہی نہیں بلکہ اسلامی دنیا کے اقتصادی مسائل حل کر سکتا ہے، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل عیاد امین عبداللہ مدنی نے کہا کہ او آئی سی ممالک کی سائنس کانفرنس جلد پاکستان میں ہوگی۔ صدر ممنون حسین نے سائنس کانفرنس پاکستان میں کرانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کانفرنس مارچ میں کرانے کی تجویز دی۔