واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملوں پر اپنے رد عمل میں اہم پیغام دے دیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ حملے کی وجہ سے تیل کی قیمتوں پر اثر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے محفوظ ذخائر سے تیل جاری کرنے کا اختیار دے دیا ہے، تیل کی مقدار کا تعین مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق کیا جائے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں نے تمام ایجنسیوں کو بھی پائپ لائنوں پر تیز کام کرنے کی اطلاع دے دی ہے جب کہ ٹیکساس اور دیگر ریاستوں سے بھی اجازت ناموں کا عمل جاری ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملہ کیا گیا، یقین کرنے کی وجہ ہے کہ ہم مجرم کو جانتے ہیں، ہم نشانہ اور ہتھیار بند ہیں لیکن تصدیق پر منحصر ہے، سعودی عرب کا انتظار کررہے ہیں کہ وہ کسے اس حملے کا مجرم سمجھتے ہیں اور کن شرائط پر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں تیل کی دو بڑی فیلڈز پر ڈرون حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں دونوں آئل فیلڈز میں آگ بھڑک اٹھی جب کہ عارضی طور پر تیل کی سپلائی بھی معطل ہوگئی۔
حوثی باغیوں کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا گیا کہ آئل تنصیبات پر 10 میزائل فائر کیے گئے۔