اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے وزیر اعظم کے احکامات وزارت خزانہ اور پٹرولیم کی فائلوں میں ہی پھنس کر رہ گئے ، اوگرا کا کہنا ہے کہ ابھی تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہدایات تحریری طور پر موصول نہیں ہو ئیں۔
دوسری طرف صارفین مہنگا تیل خریدنے پر مجبور ہیں۔اوگراذرائع کے مطابق ابھی تک وزارت پٹرولیم کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کیلئے پٹرولیم لیوی(حکومتی ٹیکس) میں کمی کی کوئی تحریری ہدایت نہیں ملی جس کیذریعے پٹرولیم مصنوعات میں ہونے والا اضافہ کم کیا جا سکے ، اوگرا ذرائع کے مطابق جیسے ہی حکومت کی طرف سے فی لٹر پٹرول ڈیزل اور دیگرمصنوعات پر حکومتی ٹیکس میں کمی کی ہدایت وزارت پٹرولیم سے ملے گی۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو حکومتی ٹیکس سے ایڈجسٹ کر کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا ، حکومت پٹرول پر دس روپے جبکہ ڈیزل پر 8روپے فی لٹر پٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کرتی ہے۔