کراچی (جیوڈیسک) دو ماہ کے دوران جاری کھاتوں کا خسارہ گذشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ کے مقابلے میں 73 فیصد کم رہا۔ مالی سال 2015ء کے پہلے دو ماہ میں مالیاتی خسارہ ایک ارب 45 کروڑ ڈالر تھا جو اب گھٹ کر صرف 39 کروڑ ڈالر رہ گیا ہے۔
مالیاتی خسارے میں کمی کی سب سے بڑی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا ہونا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق دو ماہ کے دوران خام تیل کی درآمدات کی مد میں 68 کروڑ ڈالر کی رقم ادا کی گئی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوارن 91 کروڑ ڈالر ادا کئے گئے تھے۔
گزشتہ سال کے ماہ ستمبر اور اکتوبر کے مقابلے میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 4 ارب 22 کروڑ ڈالر سے گھٹ کر 3 ارب 15 کروڑ ڈالر ہوگیا۔ مرکزی بینک کے مطابق موجودہ مالی سال کے دوران جاری کھاتوں کا خسارہ کم و بیش اسی طرح رہنے کا امکان ہے۔