اولڈ ٹریفرڈ (جیوڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اولڈ ٹریفرڈ کے میدان پر کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 98 رنز بنا لیے تھے۔
اس طرح انگلینڈ کو 489 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے اور اس کی نو وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ اتوار کو جب کھیل کا اختتام ہوا تو ایلسٹر کک اور جو روٹ کریز پر موجود تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی ایلکس ہیلز تھے جو 24 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بارش کے باعث کھیل دو سے زائد بار تعطیل کا شکار ہوا۔
مصباح الحق نے 52 رنز کی اننگز کھیلی اس سے پہلے پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز 198 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح انگلینڈ کو پاکستان پر 391 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوگئی۔ کپتان ایلسٹر کک نے فالو آن کے باوجود پاکستان کو دوبارہ کھیلنے کی دعوت دینے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
اتوار کو پاکستان نے گذشتہ روز کے سکور چار وکٹوں کے نقصان پر 57 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو 71 کے مجموعی سکور پر شان مسعود 39 رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد آنے والے اسد شفیق بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور چار رنز بنا کر براڈ کا شکار بنے۔
سرفراز احمد 26 رنز بنا کر سٹوکس کی گیند پر سلپ میں روٹ کو کیچ دے گئے۔ یاسر شاہ بھی صرف ایک رن بنا سکے، انھیں ووکس نے آؤٹ کیا۔ کپتان مصباح الحق نے انگش بولرز کا پراعتماد انداز میں سامنا کرتے ہوئے 108 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 52 کے انفرادی سکور پر معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ نے اپنی پہلی 589 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ تیسرے روز بارش کے باعث کھیل کچھ دیر کے لیے ملتوی کیا گیا تھا جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا تھا تاہم پاکستان کو پہلا نقصان 13ویں اوور میں ہوا جب محمد حفیظ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی بھی صرف ایک رنز بنا کر کرس ووکس کو اپنی وکٹ تھما گئے۔
بین سٹوکس نے یونس خان کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرا کے انگلینڈ کی تیسرے کامیابی دلا دی نائٹ واچ راحت علی بھی زیادہ وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور کرس ووکس کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین وہاب ریاض تھے جو 39 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عامر نو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پہلی اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے ووکس نے چار، معین علی اور سٹوکس نے دو، دو اور اینڈرسن اور براڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کرس ووکس نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں جو روٹ 254، کک 105، کرس ووکس 58، جونی بیرسٹو 58 اور بین سٹوکس 38 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے تھے۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض سب سے کامیاب بولر رہے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عامر نے پاکستان کی جانب سے سب سے عمدہ بولنگ کی اور 29 اووروں میں 89 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔لارڈز کےمیدان میں 10 وکٹیں حاصل کرنے والے یاسر شاہ اس اننگز میں زیادہ وکٹیں حاصل نہیں کر سکے اور54 اووروں میں 214 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔