ممبئی (جیوڈیسک) اپنی اچانک وفات سے دنیا کو صدمے سے دوچار کرنے والے بالی ووڈ اداکار اوم پوری کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ ان کی موت طبعی نہیں تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اوم پوری کی وفات کے پیچھے کچھ اور عوامل تھے، ان کی موت طبعی نہیں تھی۔ پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق اوم پوری کے سر میں چوٹ آئی تھی۔
اوم پوری کے قریبی دوست پرڈیوسر خالد قدوائی کا کہنا ہے کہ وفات کی شام میں ان کے ساتھ تھا، وہ اپنے بیٹے احسان کے بارے میں بہت پریشان تھے۔ تاہم خالد قدوائی نے بتایا کہ انھیں اوم پوری کی وفات کے حوالے سے کسی قسم کا شک نہیں ہے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ پولیس نے اوم پوری کی اہلیہ نندیتا سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔
دوسری جانب اپنے دیرینہ دوست اوم پوری کی وفات پر تبصرہ کرتے ہوئے معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے کہا ہے کہ اوم پوری گزشتہ چند سالوں سے سخت پریشان تھا، اور اسے اس سے نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا تھا۔ یہ پریشانیاں اس کی ذاتی تھیں، اس لیے میں ان میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا۔
نصیر الدین شاہ نے کہا کہ اگرچہ اوم پوری کی وفات اچانک تھی تاہم میں اسے مکمل طور پر غیر متوقع نہیں کہہ سکتا۔ ذہنی پریشانیوں، غلط فلموں کے انتخاب اور مالی وجوہات اس کی وفات کی وجہ بنیں۔