اوم پوری کا ’’ہنڈرڈ فٹ جرنی‘‘ کی ڈبنگ کیلیے دورہ پاکستان ملتوی

Om Puri

Om Puri

لاہور (جیوڈیسک) بالی وڈ کے وراسٹائل اداکاراوم پوری نے ہالی وڈ کے لیے بنائی گئی اپنی نئی فلم ’’ہنڈرڈفٹ جرنی‘‘ کی ڈبنگ میں حصہ لینے کے لیے دورہ پاکستان ملتوی کردیا۔ اوم پوری کی انگریزی فلم کوجولائی میں نمائش کے لیے پیش کیا جانا ہے ۔

فلم کی عکسبندی اور ایڈیٹنگ فائنل کی جاچکی ہے لیکن فلم کی ڈبنگ کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ سویڈش فلم ڈائریکٹر لاسے کی طرف سے شیڈول ترتیب دیے جانے کے بعد اوم پوری نے آئندہ ماہ اسلام آباد آنے کا پروگرام ملتوی کرتے ہوئے منتظمین کو آگاہ کردیا ہے۔

اب وہ شیڈول کے مطابق نیویارک جائینگے جہاں مقامی اسٹوڈیو میں فلم کی ڈبنگ کی جائے گی۔ جب اس سلسلہ میں اوم پوری سے ممبئی رابطہ کیا گیا توانھوں نے بتایا کہ زندہ دل لوگوں کے شہرمیں اسٹیج ڈرامہ کرتے ہوئے زبردست رسپانس ملا اوراسی بات کومدنظررکھتے ہوئے میں نے اسلام آباد میں ڈرامہ کرنے کی حامی بھری تھی لیکن ہالی وڈ کے لیے بنائی جانیوالی فلم ’’ہنڈرڈفٹ جرنی‘‘ میں مجھے ایک اہم کردار دیا گیا ہے اوراب فلم کی ریلیزنگ کے لیے جولائی کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

اسی لیے فلم کی ڈائریکٹراورمعاہدے کے مطابق مجھے پہلے اپنی فلم کی ڈبنگ کے لیے نیویارک جانا پڑ رہا ہے جس کے باعث میں نے اسلام آباد میں ڈرامہ نہ کرنے بارے منتظمین کو باقاعدہ آگاہ کردیا ہے۔ میں جلد ہی اپنے شیڈول میں وقفے کے بعد اسلام آباد میں ڈرامہ کرنے کا پروگرام ترتیب دونگا۔