کراچی (جیوڈیسک) بھارتی اسٹار اوم پوری کی نئی پاکستانی فلم میں اداکاری کے لئے پاکستان پہنچے ہیں۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ بالی وڈ اسٹار نے بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقد کی گئی پریس کانفرنس میں زیر تکمیل فلم سے متعلق معلومات اور سوالات کے لئے میڈیا اور شائقین کی زیاد تر توجہ اوم پوری کو حاصل ہوئی۔
اوم پوری نے کہا کہ غلام علی کو بھارت میں پرفارم کرنے سے روکنا انتہائی افسوس ناک تھا۔ انہوں نے پاکستانی اداکاراؤں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی اداکارائیں بھارتی اداکاراؤں سے زیادہ خوبصورت ہیں۔
نا معلوم افراد بنانے والی کامیاب ہدایتکار، رائٹر اور پروڈیوسر ٹیم نبیل قریشی اور فضا علی کی جانب سے آنے والی پاکستانی فلم ’’ایکٹر ان لاء‘‘کی اسٹار کاسٹ میں آرٹ فلموں کے مقبول بھارتی اداکار اوم پوری سر فہرست ہیں۔
فہد مصطفیٰ، مہوش حیات، ایلی خان اور اوم پوری کی آنے والی فلم ’’ایکٹر ان لاء‘‘ کو متعارف کروانے کے لئے اس پریس کانفرنس میں فلم کے ٹریلر کو عنقریب منظر عام پر لانے کا اعلان بھی کیا گیا جس کی ریلیز بڑی عید پر متوقع ہے۔