لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمر اکمل کے فٹنس ٹیسٹ کے دوران مبینہ بد انتظامی کے حوالے سے اپنی کارروائی مکمل کر لی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے کمیٹی نے آج کارروائی مکمل کرنے کے لیے عمر اکمل کو طلب کیا اور تمام فریقین کا موقف جاننے کے بعد یہ امر سامنے آیا ہے کہ یہ واقعہ غلط فہمی کی وجہ سے سامنے آیا ہے۔
مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کی جانب سے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرنے کے بعد پی سی بی نے انہیں سرزنش کرتے ہوئے بطور سینئر کرکٹر ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلایا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ معاملہ اب ختم ہو چکا ، پی سی بی اور عمر اکمل اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گ۔ے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل، کامران اکمل اور سلمان بٹ فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام ہو گئے تھے، تاہم کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان بیٹسمین عمر اکمل نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں فٹنس ٹیسٹ کے دوران مبینہ طور پر عملے کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔
اس بد تمیزی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک انکوائری کمیٹی قائم کی تھی، یہ انکوائری کمیٹی عمر اکمل کیخلاف بنائی گئی ہے، کمیٹی کی سربراہی ہارون رشید کر رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ہارون رشید کے ساتھ ڈاکٹر سہیل سلیم، پی سی بی لیگل ٹیم کے رکن بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔ عمر اکمل انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا موقف بیان کیا۔
واضح رہے کہ کرک انفو کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین عمر اکمل نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں فٹنس ٹیسٹ کے دوران مبینہ طور پر عملے کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔
کرک انفو کے مطابق فٹنس ٹیسٹ کے دوران غصے میں آکر سٹاف کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر عمر اکمل اگلے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتے ہیں تاہم معاملہ دونوں فریقین کے درمیان سلجھ گیا ہے، عمر اکمل کیساتھ کامران اکمل بھی فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہو گئے تھے۔
عمر اکمل اور کامران اکمل کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کر پانا کوئی نئی بات نہیں بلکہ ماضی میں متعدد بار دونوں بھائیوں کو فٹنس کی وجہ سے ٹیم سے باہر بیٹھایا جاتا رہا ہے۔
سابق کوچ مکی آرتھر اور پی سی بی حکام نے عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کر پانے پر 2017ء کی چیمپئینز ٹرافی سے چند روز قبل انگلینڈ سے وطن واپس بھیج دیا تھا۔
کرک انفو کے مطابق سکن فولڈ فٹنس ٹیسٹ کے دوران عمر اکمل نے اپنے کپڑے اتار دیئے اور ٹرینر پر چیختے ہوئے پوچھا کہ بتاؤ چربی کہاں ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق عمر اکمل کے بھائی کامران اکمل کے مطابق چھوٹے بھائی نے ایسا شرارتاً کیا اور یہ محض ایک غلط فہمی تھی۔