کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکار عمر شریف کے بیرون ملک علاج معالجے کے لیے ایئر ایمبولینس کی آمد منگل کو متوقع ہے۔ میڈیکل ایئرکرافٹ کی لینڈنگ اور روانگی کے لیے سی اے اے سے پیشگی اجازت لے جائے گی۔
کراچی کے نجی اسپتال میں داخل اداکار عمر شریف کی بیرون ملک روانگی کے لیے ایئرایمبولینس کی آمد آج متوقع تھی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل اسٹاف کے ہمراہ کراچی پہنچنے والی ایئرایمبولینس کی جناح ٹرمینل آمد منگل کو متوقع ہے۔
عمر شریف کی امریکا روانگی کے حوالے سے درکار تمام دستاویزات جمع کروائی جا چکی ہیں۔ اتوار کی تعطیل کے سبب پیر سے ان کی روانگی کے معاملات کو تیزی سے نمٹایا جائے گا جس میں ایئرایمبولینس کمپنی کو ڈالرز میں ادائیگی کے علاوہ دیگر معاملات شامل ہیں۔
ایئر ایمبولینس کی آمد سے قبل جناح ٹرمینل پر لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت باقاعدہ طور پر سی اے اے حکام سے پیشگی لی جائے گی جبکہ کراچی سے امریکا کے درمیان 18 گھنٹے کی پرواز کے بیرون ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر ری فیولنگ کا شیڈول بھی طے کیا جائے گا۔
میڈیکل پرواز کے ہمراہ ان کا بیٹا جواد عمر شریف اور خاندان کا ایک اور فرد بھی روانہ ہوگا۔ عمر شریف کا علاج امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں ہوگا۔