کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کے معروف کامیڈین اور اداکار عمر شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کے حوالے سے آج ویزا ملنے کا امکان ہے۔
سندھ حکومت نے علیل اداکار عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ائیر ایمبولنس کا بندوبست کردیا ہے۔
عمر شریف کی اہلیہ زریں عمر شر یف کا کہنا تھا کہ عمر شریف کی رواں ہفتے امریکی دارالحکومت واشنگٹن روانگی کا امکان ہے۔
زریں غزل کے مطابق، ائیر ایمبولنس کے اخراجات سندھ حکومت نے اٹھانے کا وعدہ کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ویزوں کے حصول میں مدد فراہم کی گئی ہے۔
زریں غزل نے جیو نیوز کو بتایا کہ علیل اداکار عمر شریف کو آج ویزے ملنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب امریکا میں عمر شریف کے ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا ہے کہ عمر شریف کے علاج میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
دوران گفتگو عمر شریف کی اہلیہ کی جانب سے عوام سے دعا کی بھی اپیل کی گئی ہے جبکہ عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے والد کے لیے دعا گو تمام افراد کا شکریہ بھی اداکیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر زریں غزل کی جانب سے چند گھنٹوں قبل ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں اہلیہ عمر شریف نے مداحوں سمیت حکومتی وزراء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ عمر شریف کی طبیعت بہتر ہے اور وہ ائیر ایمبولنس میں سفر کرنے کے قابل ہیں۔