ایک ارب یورو سے تیار کردہ ’مال آف برلن‘ کا افتتاح

Mall of Berlin

Mall of Berlin

برلن (جیوڈیسک) مال آف برلن وہیں دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے جہاں دوسری عالمی جنگ سے پہلے تک یورپ کا مشہور ترین شاپنگ سینٹر موجود تھا۔ جرمن دارالحکومت برلن میں شیشے سے ڈھکا ہوا یہ وسیع تر شاپنگ آرکیڈ ماضی کے اس بہت بڑے شاپنگ سینڑ کی تباہ شدہ باقیات والی جگہ پر تعمیر کیا گیا ہے۔

جسے نازی سوشلسٹوں نے اقتدار میں آنے کے بعد 1937ء میں اس کے یہودی مالکان کو بے دخل کر کے سرکاری ملکیت میں لے لیا تھا۔ دوسری عالمی جنگ سے پہلے یورپ کے مشہور ترین شاپنگ سینٹر کے طور پر اپنی مخصوص پہچان کا حامل یہ ڈیپارٹمنٹل سٹور 1896ء میں قائم کیا گیا تھا۔

نازیوں کی طرف سے قبضے میں لئے جانے کے بعد جنگ کے سالوں میں اتحادی ملکوں نے جرمنی پر جو شدید فضائی بمباری کی تھی۔ اس دوران اس شاپنگ مال کو بھی بُری طرح نقصان پہنچا تھا۔ پھر جنگ کے بعد جرمنی اور برلن کی تقسیم کے نتیجے میں سابقہ مشرقی جرمنی کی کمیونسٹ حکومت نے اسے 1956ء میں مسمار کر دیا تھا۔ وَیرٹ ہائم سٹور برلن شہر کے جس حصے میں قائم تھا وہ لائپزگ پلیس سکوائر کہلاتا ہے۔

اسی جگہ پر نو تعمیر شدہ سٹور کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں دس ہزار مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اصلی وَیرٹ ہائم سٹور کے یہودی مالکان کو خصوصی طور پر خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برلن کے گورننگ میئر کلائوس ووویرائٹ نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی خوش کن لمحہ ہے کہ دیوار برلن کے گرائے جانے کے 25 سال بعد ہم بالآخر اس جگہ پر موجود خلاء کو پر کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جہاں ماضی میں کبھی وَیرٹ ہائم سٹور ہوتا تھا۔