ون چائنہ پالیسی سے متعلق بیان، چینی میڈیا کی ٹرمپ پر تنقید

Trump

Trump

چین (جیوڈیسک) چین کے سرکاری میڈیا نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں خارجہ امور کی بابت “انکساری سیکھنے کی ضرورت ہے۔”

اتوار کو ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر چین، امریکہ کو تجارت سمیت دیگر امور میں رعائتیں نہیں دیتا تو وہ نہیں سمجھتے ہیں “ون چائنا پالیسی کو جاری رکھا جانا چاہیے۔”

اس پر پیر کو ایک چینی اخبار میں شائع ایک تبصرے میں نو منتخب امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ ٹرمپ کی طرف سے اس پالیسی کو اقتصادی مذاکرات کے لیے استعمال کرنے کی سوچ “ناپختگی” کو ظاہر کرتی ہے۔

“ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ جب تک ان کے پاس قوت ہے وہ ہر چیز کی قیمت لگا سکتے ہیں اور خرید و فروخت کر سکتے ہیں۔ اگر امریکی آئین کی قیمت لگا دی جائے تو کیا امریکی عوام اپنے ملک کے آئین کو بیچیں گے اور سعودی عرب یا سنگاپور کا سیاسی نظام نافذ کر لیں گے۔”

تبصرے میں مزید کہا گیا کہ اگر ٹرمپ تائیوان کی آزادی یا اسلحے کی فروخت کی حمایت کرتے ہیں تو پھر چین “بین الاقوامی امور میں واشنگٹن کے ساتھ شراکت داری کا جواز نہیں رکھتا”، اور امریکہ کے مخالفین کے لیے فوجی اور دیگر امداد کی پیشکش کر سکتا ہے۔

اپنے انٹرویو میں ٹرمپ نے رواں ماہ تائیوان کی صدر سائی انگ ون کے ساتھ اپنی ٹیلی فونک گفتگو کا دفاع کیا جو کہ 1979ء کے بعد سے کسی بھی امریکی صدر یا نو منتخب صدر کی تائیوانی راہنما سے پہلا رابطہ تھا۔ امریکہ بھی تائیوان کو چین کا حصہ تسلیم کرتا آیا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ چین انھیں بتائے کہ کیا کرنا ہے۔ “مجھے نہیں معلوم کہ کیوں ہم ون چائنا پالیسی کے پابند رہیں جب تک کہ ہم چین کے ساتھ تجارت سمیت دیگر چیزوں پر ڈیل نہیں کرتے۔”

ٹرمپ نے چین کی طرف سے اپنی کرنسی کی پالیسی، بحیرہ جنوبی چین میں عسکری تعمیرات اور شمالی کوریا پر جوہری تجربات کی بنا پر عائد پابندیوں میں رکاوٹ ڈالنے پر تنقید کی۔