کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے محمد حفیظ فارم میں واپس آتے ہی دنیا کے بہترین آل رانڈر جبکہ سعید اجمل بھی نئی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں دنیا کے تیسرے بہترین بالر بن گئے ہیں۔زمبابوے کے خلاف پاکستان ٹیم نے ون ڈے سیریز کیا جیتی، کھلاڑیوں کی ون ڈے رینکنگ بہتر ہو گئی۔ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار دئیے جانے والے محمد حفیظ ایک بار پھر دنیا کے بہترین آل راونڈر بن گئے ہیں۔
بیٹسمینوں کی رینکنگ میں انہوں نے 17 درجے اونچی چھلانگ مار کر 31 ویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ بالرز کی فہرست میں نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آف اسپنر سعید اجمل دو درجے ترقی کے بعد بالرز میں تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ دوسرے ون ڈے میں 4 وکٹیں لینے والے جنید خان 6 درجے ترقی کے بعد 26 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ بدستور دنیا کے بہترین بیٹسمین جبکہ بھارت کے رویندرا جڈیجا اور ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن بہترین بالرز ہیں۔