اگر ایک ماہ میں آئی ڈی پیز کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے، سراج الحق

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

پشاور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اگر حکومت چاہتی ہے کہ اگلے ایک ماہ میں اسلام آباد میں کوئی اور دھرنا نہ ہو تو آئی ڈی پیز کے مطالبات فوری تسلیم کرلیے جائیں۔

پشاور میں گرینڈ قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آئی ڈی پیز کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ 18 کروڑ عوام کا مسئلہ ہیں اور اگر مرکزی حکومت چاہتی ہے کہ آئندہ ایک ماہ میں اسلام آباد میں ایک اور دھرنا نہ ہو تو وہ فوری آئی ڈی پیز کے مطالبات تسلیم کرے ورنہ دھرنے کا انتظار کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ کروڑوں عوام کا ہے اور جو لوگ قبائلی علاقوں کے لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ آج آزاد کشمیر ان قبائلیوں کی وجہ سے ہی آزاد ہے، ان کے بزرگوں کی لاشیں ادھر موجود ہیں اور ان کے اسلحہ سے ہی یہ علاقہ آزاد ہوا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ مسلسل بھارتی جارحیت میں اب تک کتنے لوگ شہید اور زخمی ہوچکے ہیں لیکن حکومت نے بھارت کے اس اقدام کے خلاف کوئی غیرت مندانہ جواب نہیں دیا اور جو غیرت کے ساتھ جواب دینا جانتے تھے انہیں اپنے ہی ملک میں مہاجر بنادیا گیا ہے۔

اسی طرح پہلے بھی اسلام آباد کے متعصبانہ فیصلوں نے مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنایا جسے فوج بھی نہ بچا سکی بلکہ قوم کو دھوکے میں رکھا گیا جس کے بعد ایک سانحہ رونما ہوا لیکن ہماری پارلیمنٹ نے آج تک اس بات کا جائزہ نہیں لیا کہ مشرقی پاکستان بنگلہ دیش کیوں بنا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتے ہیں کہ اسلام آباد نے ہر بار قوم کو دھوکے میں رکھا اور آج پھر اس کے غلط فیصلوں کی وجہ سے پاکستان کو اسی راستے پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔