یکطرفہ ٹریفک چلانے کی ضد نے حکمرانوں کو بند گلی میں کھڑا کیا۔ ترجمان ق لیگ لاہور

PML Q

PML Q

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ق لاہور کے ترجمان و سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں کے وفود سے خطاب میں کہاہے کہ یکطرفہ ٹریفک چلانے کی ضد نے حکمرانوں کو بند گلی میں کھڑا کردیا ،انقلاب اور آزادی مارچ کے اکٹھا نکلنے کے اعلان نے تخت لاہور اور اسلام آباد کی چولیں ہلا دیں، شریف برادران کی سوچ جمہوری ہوتی تو اقتدار چھوڑ دیتے عوام پر گولیاں نہ برساتے،آئندہ چند دنوں میں حکمرانوں کی سیاسی تنہائی میں مزید اضافہ ہو گا،وزیراعلیٰ عوام کو بتائیں کنٹینر کھڑے کر کے اورباپردہ خواتین کو ان کے نیچے سے رینگ کر نکلنے پر مجبور کرنے اور نہتے شہریوں کو خون میں نہلانے سے کونسے عظیم مقاصد حاصل کیے گئے۔

بوڑھوں ،بچوں اور عزت دار خواتین پر ظلم ڈھانے والوں نے ظلم کی ایک نئی تاریخ رقم کی جسے عوام کبھی فراموش نہیں کرینگے ،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ راستے بند کر کے عوام کو سڑکوں اور گھروں میں محصور کرنے کے جرم پر معافی مانگنے کی بجائے اخلاقی طور پرمستعفی ہو جائیں ، اب اس سے کم پر بات نہیں بنے گی، عہدیداروں اور کارکنوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 کروڑ عوام کا عرصہ حیات تنگ کرنے کے غیر آئینی اور ظالمانہ اقدام پر وزیراعلیٰ کا ہاتھ نہ روکنے پرن لیگ کا ہر رکن اسمبلی اور کارکن ظلم میں برابر کا شریک ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا مارچ آئین پر 100 فیصد عمل داری کیلئے ہے کیونکہ حکمران آئین اور قانون کے صرف ان حصوں پر عمل کر رہے ہیں جس سے ان کے اقتدار کو تقویت ملتی ہے۔