کراچی (جیوڈیسک) حکام کے تمام تر دعووں کے باوجود امریکی کرنسی کے سامنے روپیہ بے بس دکھائی دیتا ہے، انٹر بینک میں اس کی قیمت 107 روپے ہوگئی، عوام کے لیے ڈالر 109 روپے کی سطح سے تجاوز کر گیا ہے۔ ڈالر کے سامنے روپیہ مزید بے قدر ہوتا جارہا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بینکوں کے درمیان لین کے دوران ڈالر 74 پیسے مہنگا ہوکر 107 روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔
یہی حال اوپن مارکیٹ کا ہے جہاں اب عوام کو ایک ڈالر خریدنے کے لیے 109 روپے دینے ہوں گے۔حکام کے تمام تر دعووں کے باوجود روپے کی قدر میں استحکام نہیں آرہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ملکی کرنسی کو سہارا دینے کی کوششیں بھی نہیں کی جارہیں۔
یکم جولائی سے اب ڈالر کی قدر میں تقریبا 8 فیصد کا اضافہ ہوچکا ہے۔ روپے کے مقابلے میں ڈالر مہنگا ہونے سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات، بجلی کی پیداوار کے لیے درآمد کیا جانے والا فرنس آئل، غذائی اشیا، بچوں کا دودھ اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں زبردست اضافے کا خدشہ بڑھتا جارہا ہے۔