اوپن مارکیٹ میں سو کلو گندم کی بوری بلا جواز 50 روپے مزید مہنگی

Wheat

Wheat

تین ماہ میں درآمدی گندم کے تین جہاز کراچی پہنچ جانے کے باوجود مافیا کا زور نہ ٹوٹ سکا۔۔اوپن مارکیٹ میں سوکلو گندم کی بوری بلاجواز پچاس روپے مزید مہنگی کر دی گئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں پیر کو سوکلو گرام گندم کی بوری کے دام چھتیس سو روپے پر پہنچ گئے ہیں جو ہفتے کے روز ساڑھے پینتیس سو روپے تھے۔

ناجائز منافع خور مافیا محکمہ خوراک کی نااہلی کا بھرپور فائدہ اٹھارہی ہے اور گذشتہ تین ماہ میں ہزاروں ٹن درآمدی گندم مارکیٹ میں آجانے کے باوجود ملی بھگت سے گندم کی قیمتوں میں کمی واقع نہیں ہونے دی جارہی ہے۔

اِدھردرآمدی گندم کی بڑی مقدار اور مستقبل میں مزید گندم پاکستان آنے کو دیکھتے ہوئے آٹے کی ایکس مل ریٹس میں استحکام دیکھا جارہا ہے جو ساڑھے ارتیس روپے سے 39 روپے فی کلو نوٹ کئے گئے تاہم ریٹیل سطح پر چیک اینڈ بیلنس کا مثر نظام نہ ہونے کے باعث ڈھائی نمبر آٹے کی فی کلو قیمت بیالیس روپے سے نیچے نہیں آسکی ہے۔