کراچی (جیوڈیسک) روپے نے اچانک جان پکڑلی، ڈالر کی صحت تیزی سے گرنے لگی، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت ایک دن میں پونے دو روپے کم ہوگئی۔ روپے کی قدر میں اضافے نے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بھی جوش بھردیا۔
فاریکس مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 1 روپے 66 پیسے کی گراوٹ سے 101 روپے 46 پیسے کی سطح پربند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 103 روپے 45 پیسے سے کم ہوکر 101 روپے 70 پیسے کا ہوگیا۔
یکم مارچ سے اب تک روپے کے مقابلے میں ڈالر تقریباً 4 روپے سستا ہوچکا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق رواں ماہ عالمی مالیاتی اداروں سے 1 ارب ڈالر سے زائد رقم ملنے کی توقعات سے ادائیگیوں کا دباو کم ہوتا دیکھ روپے کی قدر کو سہارا مل رہا ہے۔
مستحکم ہوتے ہوئے روپے سے درآمدی اشیاء کی لاگت میں کمی ہونے سے ملک میں مہنگائی پر قابو پانے میں بھی کچھ مدد ملے گی۔