اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہداری کھولنا پاکستان کی طرف سے امن کیلئے اہم ترین قدم ہے جس کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے جس کے بعد اب تاریخ فیصلہ کرے گی کون غلط تھا اور کون صحیح؟
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے ساتھ سلوک پر تشویش ہے، کشمیریوں کے ساتھ بھارتی قابض انتظامیہ کے سلوک پر یورپی یونین سمیت دنیا بھر میں تشویش پائی جاتی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہداری کھولنا پاکستان کی طرف سے امن کیلئے اہم ترین قدم ہے جس کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت پاکستان کی تجویز پر بھارتی کابینہ نے کرتار پور راہداری کھولنے کی منظوری دی تھی۔
پاکستان نے 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کیلئے بھارتی وزیر خارجہ، بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کو دعوت دی تھی۔
لیکن بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج اور وزیر اعلیٰ پنجاب ارمیندر سنگھ نے شرکت سے معذرت کرلی ہے۔