ابوظبی (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ کےخلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 85 رنز بنالیے۔ محمد حفیظ 45 اور احمدشہزاد 40 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اوپنرز نے کھیل کے پہلے سیشن میں پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے کیوی بالرز کو وکٹ لینے کا کوئی موقع نہیں دیا اور کھانے کے وقفے پر بغیر وکٹ گنوائے 85 رنز بنالیے۔ ابوطبی ٹیسٹ کیلئے پاکستان نے وہی ٹیم برقرار رکھی ہے جس نے آسٹریلیا کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ مصباح الحق کا کہنا ہے۔
کہ یہ نئی سیریز ہے، جسے جیتنے کیلئے پرعزم ہیں، آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کامورال بلند ہے۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان اب تک 20 دو طرفہ سیریز ہوچکی ہیں ، جس میں 13 پاکستان نے جیتی ہیں جبکہ کیویز صرف دو ہی سیریز جیت سکے۔
نیوزی لینڈ نے آخری مرتبہ 1985 میں پاکستان سے ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔50 ٹیسٹ میں سے پاکستان نے 23 جبکہ نیوزی لینڈ نے صرف 7 میں کامیابی حاصل کی، ان میں سے پانچ نیوزی لینڈ نے ہوم گراونڈ پر ہی جیتے۔
دونوں کے درمیان آخری 10 ٹیسٹ میں سے پاکستان نے 5 جیتے جبکہ 3 ڈرا ہوئے، 2 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی۔ انفرادی کارکردگی میں پاکستان کے جاوید میانداد 18 میچز میں 1119 رنز بنا کر دونوں جانب سے ٹاپ اسکورر ہیں۔ قومی ٹیم کے موجودہ کوچ وقار یونس 70 وکٹوں کے ساتھ لیڈنگ وکٹ ٹیکر ہیں۔