کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا ہے کہ کھیل کے ذریعے امن و محبت اور بھائی چارگی کو فروغ دینے کے ساتھ سندھ کے چپے چپے میں کھیلوں کے میدانوں کو آباد، کھیل اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کرکے صوبے میں صحت مند سرگرمیوں کو پروان چڑھایا جائیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز اسپورٹس کمپلیکس لیاری میں رنگا رنگ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ جشن آزادی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پرسیکریٹری اسپورٹس محمد راشد، ایڈیشنل کمشنر کراچی محترمہ روبینہ آصف ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ جنوبی نعیم سندھو، کوارڈینٹر برائے وزیر اعلیٰ سندھ جشن آزادی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ حاجی غلام محمد خان ،آرگنائزنگ کمیٹی ناصر کریم بلوچ کے علاوہ سرکاری افسران اور کھیل سے وابستی شخصیات کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
صوبائی وزیر کھیل نے اپنے خطاب میں اپنی پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور وزیر اعلیٰ سندھ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کھیل کے محکمے کو فعال بنایا جائیگا کھیل کے میدانوں کو آباد کریں گے کھیل کے ذریعے صوبے میں نوجوانوں کی خدمت اور منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر دھرتی مہران کو نوجوانوں کی قیادت میں امن کا گہوارہ بنا یا جائیگا انہوں نے کہاکہ باہمی ٹیم ورک کے ساتھ عوام کے تعاون سے سندھ میں خوشحالی اور ترقی کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جائیگا ۔صوبائی وزیر کھیل نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں سندھ میں کھیلوں کے میدانوں کو آباد اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں میڈیا بھائیوں کی مدد کی اشد ضرورت ہوگی انہوں نے کہاکہ ہمیں مل کر اور متحد ہوکر صوبے اور ملک کی خدمت کرنا ہوگی جب ہی ہم ملک اور اپنے صوبے سے منفی سرگرمیوں کا خاتمہ کرکے امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔
اس موقع پرکوارڈینٹر برائے وزیر اعلیٰ سندھ جشن آزادی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ حاجی غلام محمد خان نے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،کمشنر کراچی اعجاز احمد خان ،سیکریٹری کھیل محمد ارشد، ایڈیشنل کمشنرمحترمہ روبینہ آصف، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ جنوبی نعیم سندھو اور دیگرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے شہریوں کو تفریح کا خوبصورت موقع فراہم کیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ جشن آزادی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز 4میچز کھیلے گئے پہلے میچ میں کلا کوٹ یونین نے بغدادی اسپورٹس کو 4-2،دوسرے میچ میں حیدری بلوچ نے کراچی محمڈن کو 4-2،تیسرے میچ میں کلری اسٹار نے کلری محمڈن کو 2-1سے اور چوتھے میچ میں لیاری لیبر ویلفیئر سینٹر نے ظہور شہید کلب کو 3-0سے شکست دیکر افتتاحی میچز اپنے نام کر لیا۔