کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب اب تک کی جانے والی گرفتار یوں، مقابلوں اور ان میں جاں بحق ہونے والے افراد سمیت تمام امور سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
وفاقی وزیر داخلہ جلد وزیر اعظم سے ملاقات میں کراچی آپریشن پر بریفنگ دیں گے، رواں ہفتہ کراچی آپریشن کی آئندہ پالیسی پر سندھ حکومت کی مشاورت سے اہم فیصلے کیے جا سکتے ہیں، ان فیصلوں میں کراچی آپریشن پر بعض حلقوں کے تحفطات کو دور کرنے کے علاوہ مربوط نگرانی کانظام اور مکمل امن کے لیے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے ایم کیو ایم کے تحفظات اورقانون نافذ کرنے والے اداروں پر ماورائے عدالت قتل کے الزامات سمیت الطاف حیسن کی اتوار کو ہونے والی پریس کانفرنس پر اعلیٰ حکومتی حلقے اس معاملے کا باریک بینی سے غور کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم کا وفاقی وزیر داخلہ سے اتوار کو رابطہ ہواہے جس کے بعد گورنر سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور ان امور پر غور کیا گیا، وزیر داخلہ کراچی آکر گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملاقات کریں گے، ان ملاقاتوں میں کراچی آپریشن کی آئندہ حکمت عملی اور ایم کیو ایم کے تحفظات پرغور کیا جائیگا۔